February 6, 2026

امریکہ-ایران مذاکرات میں پاکستان کو مدعو کرنے پر غور: تجزیہ کاروں کا خیال ہے اسلام آباد فوجی تصادم کے خطرے میں کمی چاہے گا

پاکستانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اسے ایران اور امریکہ کے درمیان اس ہفتے کے آخر میں ہونے والے جوہری مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جسے اسلام آباد نے قبول کر لیا ہے۔ مبصرین اس دعوت کو پاکستان کے لیے ایک اہم اور مثبت پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان، اسماعیل بقائی نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت “آئندہ چند دنوں میں” ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمان اور ترکی سمیت کئی ممالک نے مذاکرات کی میزبانی کا اظہار دلچسپی کیا ہے، تاہم حتمی مقام کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی درخواست پر مذاکرات ترکی کی بجائے عمان میں کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ بھی زیرغور ہے کہ کیا دیگر عرب اور مسلم ممالک کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے گا۔

امریکی حکومت نے اب تک اپنے مذاکراتی وفد کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندے برائے مشرق وسطیٰ، سٹیو وٹکوف، اس عمل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو خطے کے دوست ممالک کی درخواست پر امریکہ سے بات چیت کی اجازت دے دی ہے۔ وزیر خارجہ عراقچی نے بھی ایک انٹرویو میں اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے کہ دونوں ممالک ایک معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *